کسی بھی قوم کی بقاء اور ترقی کا دارومدار اپنی نظریاتی اساس اور تاریخ سے وابستہ رہنے پر ہوتا ہے۔ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ ہمیں یہ وطن لے کے دینے والے ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ ہمیں بطور قوم اپنے ان محسنوں کا احسان مند ہونا چاہئے جنہوں نے حضرت قائداعظمؒ کی لازوال قیادت پر غیرمتزلزل یقین رکھتے ہوئے اپنا تن من دھن حصولِ پاکستان کی عظیم تحریک پر نچھاور کردیا تھا۔ قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں حصہ لینے والی ذی قدر شخصیات کے اعتراف خدمت کیلئے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کا قیام1987ء میں عمل میں لایا گیا۔ یہ دراصل پنجاب کے ایک سینئر بیوروکریٹ اور دانشور ڈاکٹر صفدر محمود کی خوبصورت ذہنی اختراع تھی جسے اُنہوں نے بھرپور محنت‘ لگن اور جذبے سے عملی جامہ پہنایا۔ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹیز جن میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں‘ مجید نظامی‘ جسٹس(ر)ذکی الدین پال اور تحریک پاکستان کے کئی نامور کارکن شامل تھے سب نے باہمی مشاورت اور مختلف تجاویز آراء کی روشنی میں اغراض و مقاصد کا تعین کیا اور اس میں گنجائش رکھی کہ ٹرسٹ اپنے مقاصد سے ہم آہنگ دیگر تنظیموں اور اداروں کے ساتھ مل کر تحریک پاکستان کے جذبوں کی ترویج اور نظریۂ پاکستان کے فروغ کیلئے کام کریگا۔اس ٹرسٹ کے قیام سے دراصل تحریک پاکستان کے گمنام سپاہیوں اور اس عظیم جدوجہد میں حصہ لینے والے کو بھی منصہ شہود پر لایا گیا۔ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہر سال ایک تقریب عطائے گولڈ میڈل منعقد کی جاتی ہے جس میں ملک بھر سے جمع شدہ کوائف کی روشنی میں کارکنانِ تحریک پاکستان کواعتراف خدمت کے طور پر گولڈ میڈل پیش کئے جاتے ہیں۔ اب تک تقریباً 1500کے قریب کارکنان تحریک پاکستان کو گولڈ میڈل دیئے جاچکے ہیں۔ مذکورہ کارکنوں کی یادداشتیں مرتب کرکے شائع کرنے کا پروگرام بھی ٹرسٹ کے مقاصد میں شامل ہے۔گولڈ میڈل یافتگان کے کوائف پر مشتمل ایک ضخیم ڈائریکٹری کے علاوہ جدوجہد آزادی میں برصغیر کے ہر ضلع کے کردار کو اُجاگر کرنے کیلئے اب تک ساہیوال‘ گوجرانوالہ‘ جھنگ‘ جالندھر اور روہتک کے کردار پر مشتمل کتب منظر عام پر لائی جاچکی ہیں۔ جبکہ کئی اضلاع کے متعلق مسودے تالیف کے مراحل میں ہیں۔ ٹرسٹ کے پاس ریکارڈ میں تقریباً تین ہزار فائلیں موجود ہیں جن میں انتہائی نادر اور تاریخی دستاویزات اور تحریک پاکستان سے متعلق مواد موجود ہے جو کہ محققین اور تاریخ کے طالبعلموں کیلئے بیش قیمت اثاثہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس ریکارڈ کو بتدریج کمپیوٹرائزڈ کرکے محفوظ کیا جارہا ہے۔تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اپنے محدود مالی وسائل کے باوجود ملک کے طول و عرض میں موجود مستحق اور نادار کارکنان تحریک پاکستان اور انکے ورثاء کی ماہانہ مالی امداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کارکنان تحریک پاکستان کے مفت علاج معالجہ کے احکامات جاری کئے تھے۔
اُمید ہے موجودہ حکومت اس عظیم روایت کو زندہ رکھے گی اور انشاء اللہ بہت جلد محکمہ صحت حکومت پنجاب کی جانب سے ہیلتھ کارڈز کا اجراء دوبارہ کردیا جائیگا۔ یہاں تحریک پاکستان کے واقعاتی تسلسل کو بیان کرتی ہوئی نایاب تاریخی تصاویر پر مشتمل ’’تحریک پاکستان گیلری‘‘بھی قائم کی گئی ہے جس میں حضرت قائداعظمؒ، حضرت علامہ محمد اقبالؒ، مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ اور دیگر مشاہیر کی تصاویر کے علاوہ تحریک پاکستان کے مختلف مراحل کی عکاسی کی گئی ہے۔ ہر روز سینکڑوں طلبا و طالبات اِس گیلری کا مطالعاتی دورہ کرتے ہیں۔ اداروں کو پروان چڑھانے میں علمی و تحقیقی سرگرمیاں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور اس ضمن میں لائبریریوں کی اہمیت سے ہر کوئی بخوبی واقف ہے۔ ایوانِ کارکنانِ میں موجود ڈاکٹر نذیر قیصر لائبریری کے متعلق وثوق سے کہاجاسکتا ہے کہ تحریک پاکستان کے حوالے سے اِس طرح کی لائبریری ملک بھر میں کہیں اور موجود نہیں ہے۔مشاہیر تحریک آزادی اور متعلقہ موضوعات پر تحقیق کرنے والے محققین‘ اساتذۂ کرام اور اہل علم و قلم اس لائبریری سے استفادہ کرتے ہیں۔ ایوانِ کارکنان کے سامنے واقع مادرِ ملتؒ پارک کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے تعلیمی و تفریحی پارک قرار دیتے ہوئے یہاں خاص طور پر یادِ گارِ شہدائے تحریک پاکستان‘مادرِ ملت سینٹر اور مادرِ ملت مانومنٹ تعمیر کروائے تھے جبکہ بعد میں اقوالِ قائداعظمؒ و مادرِ ملتؒ، علامہ اقبالؒ کے اشعار اور پاکستان کا نقشہ بھی تعمیر کیا گیا جس کے بعد اب یہ پارک یہاں آنے والے لوگوں کی توجہ کا منتظر بن گیا ہے۔موجودہ بورڈ آف ٹرسٹیز تحریک پاکستان کے کارکنوں اور اُن کے فرزندوں پر مشتمل ہے جو تواتر کے ساتھ اپنے اجلاس منعقد کرتا اور انتظامی فیصلوں کے ساتھ ساتھ روزمرہ سرگرمیوں کا جائزہ لیتا ہے۔ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اپنی سرگرمیاں بھرپور جذبے اور لگن سے جاری رکھے ہوئے ہے اور اس تحریر کے ذریعے تمام قارئین سے گزارش کی جاتی ہے کہ اگر آپ کسی ایسی شخصیت کو جانتے ہیں جنہوں نے تحریک پاکستان میں کام کیا ہے تو براہِ کرم ان کے کوائف سے ہمیں مطلع کریں تاکہ بورڈ آف ٹرسٹیز سے منظوری حاصل کرکے ان کا اعتراف خدمت کیا جاسکے۔ اگر آپ کے پاس تحریک پاکستان سے متعلقہ تصاویر‘ اخباری تراشے‘ اشتہار‘ پمفلٹ یا اس قسم کا کوئی اور تاریخی مواد ہو تو ہمیں بھیجیں تاکہ ہم اُسے محفوظ کرلیں اور وہ آئندہ نسلوں کے کام آسکے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024