اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ,شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے جبکہ پنجاب کے اکثر میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ اور جوہر آباد میں حد نگاہ پچاس میٹر رہ گئی. شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے. آج سب سے زیادہ سردی سکردو میں ہے جہاں پارہ منفی نو تک گر گیا ہے. استور میں درجہ حرارت منفی سات، پاراچنار، گوپس، ہنزہ اور کالام منفی چھے، کوئٹہ منفی چار، قلات، دیر اور مالم جبہ منفی تین، گلگت، دالبندین اور راولاکوٹ منفی دو جبکہ مری اور ژوب میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے. پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کی بھی توقع ہے. اگلے دو سے تین روز کے دوران بھی ملک کے اکثر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے.
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ۔