حقائق پر پردہ ڈالنے سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہونگے‘ ثروت اعجاز
کراچی (نیوزرپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر دہشتگردی کرنیوالے اسلام کے دشمن ہیں،اسلام امن وسلامتی ،محبت اور احترام انسانیت کادرس دیتا ہے ،داعش کے وجود کا انکار کرنے والے ملک کو مشکلات میں دھکیلنا چاہتے ہیں ،حقائق پر پردہ ڈالنا دہشتگردوں کے حوصلوں کو بلند کرئے گا ،داعش نے اسلام آباد میں پیر جمادیئے ہیں حکومت خواب غفلت میں ہے ،لال مسجد کے ملا عبدالعزیز داعش کے کرتا دھرتا ہیں ،لال مسجد کے خطیب کے سہولت کار اسمبلی میں موجود ہیں ،دہشتگردوں کی عدم گرفتاری سوالیہ نشان ہے ، قومی ایکشن پلان کو من وعن پایہ تکمیل تک پہنچانا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حید رآباد روانگی کے موقع پر عمائدین شہر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عوام ملک کو دہشتگرددی سے پاک خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں ، ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کےلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ،سیاسی بازیگر اور دہشتگردوں کے حمائتی اپنا قبلہ درست کرلیں اگر انہیں دہشتگرد پسند ہیں تو وہ پاک سر زمین سے اپنا ناپاک وجود ختم کردیں۔ نام بدل کر کام کرنے والی تنظیموں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔