سندھ میں گورنر راج نہیں گڈ گورننس کی ضرورت ہے‘ لیاقت بلوچ
کراچی(نیوزرپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کرپشن اوردہشتگردی کے شیطانی گٹھ جوڑ کے خاتمے کیلئے صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل کیا جائے۔سندھ کی صورتحال پرگورنرراج یا کسی غیرآئینی اقدام کی نہیں بلکہ گڈگورننس کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی پرامن،آئینی اورجمہوری جدوجہدپریقین رکھنے والی جماعت ہے۔کرپشن بھی ایک بڑاناسور ہی جوکہ دیمک کی طرح ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کررہاہے۔جماعت اسلامی یکم مارچ سے ملک بھرمیںرابطہ عوام کے ذیعے کرپشن فری پاکستان مہم چلائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل کے دورے کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا،اس موقع پر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، قیم صوبہ ممتاز حسین سہتو اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ دیکراقتدار میں پہنچایا ہے مگرسندھ اس وقت غربت وافلاس اور تباہی کی منظر کشی کررہاہے۔کراچی میں گندگی کے ڈھیر،ابلتے گٹرجبکہ تھرمیں غذائی قلت وہسپتالوں میں سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے معصوم بچوں کی مسلسل اموات حکومت بے حسی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ آ ڈیٹرجنرل آف پاکستان کی جانب سے پیپلزپارٹی کے آٹھ سالہ دورحکومت کے دوران تعلیم سمیت سندھ کے سرکاری محکموں میں216ارب روپے کی کرپشن کی انکشافاتی رپورٹ افسوس ناک اورحکومت کے تمام گڈگورننس کے دعووں کی نفی ہے۔