نئی دہلی میں پی آئی اے دفتر پر حملہ ہندو سینا کا سربراہ ساتھی سمیت گرفتار
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں برکھا ہمبا روڈ پر پی آئی اے کے دفتر پر انتہا پسند ہندو تنظیم ہندو سینا کے حملے کے بعد بھارتی حکومت نے پولیس کو دفتر کی سکیورٹی سخت کرنے کا حکم دیدیا جبکہ ہندو سینا کے سربراہ کو ساتھی سمیت حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہندو سینا جو شیوسینا کا نئی دہلی میں عسکری ونگ ہے کے 100 سے زائد غنڈوں نے جمعرات کو برکھا ہمبا روڈ پر پاکستانی قومی ائرلائنز کے دفتر میں گھس کر کمپیوٹر فرنیچر توڑ ڈالا، دستاویزات پھاڑ ڈالیں اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس نے گزشتہ روز کارروائی کرکے ہندو سینا کے سربراہ وشنو گپتہ کو ساتھی للت سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ وہی وشنو گپتا ہے جس نے مقبوضہ کشمیر کے رکن اسمبلی انجینئر عبدالرشید کا نئی دہلی پریس کلب کے باہر رنگ پھینکوا کر منہ کالا کرایا تھا اسی کی دھمکی پر نئی دہلی میں غلام علی کا کنسرٹ منسوخ کر دیا گیا تھا دوسری طرف بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ کے مطابق پی آئی اے کے نئی دہلی میں دفتر پر حملہ افسوسناک ہے۔ حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے کارروائی جاری ہے جبکہ پولیس کو دفتر کی سکیورٹی بڑھانے کیلئے ہدایت کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ہائی کمشن نے پی آئی اے آفس پر ہندو غنڈوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے دفتر کی سکیورٹی سخت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
پی آئی اے دفتر