پنجاب: سوائن فلو سے ہلاکتیں12ہو گئیں، مریضوں کی تعداد 36 ہے
لاہور+ کراچی+ اسلام آباد+ بہاولپور+ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی)ملتان کے نشتر ہسپتال میں سوائن فلو کا ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا، اس طرح ملتان میں مرنیوالوں کی تعداد4ہو گئی اور پنجاب میں تعداد 12ہو گئی ہے قبل ازیں ڈی جی ہیلتھ پنجاب کے مطابق صوبے میں سوائن فلو سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 36 ہوگئی۔ حالیہ بارش سے پنجاب میں سوائن فلو کے مرض کی شدت میں کمی آئیگی۔ سوائن فلو سے راولپنڈی میں 4 افراد انتقال کر گئے۔ لاہور میں 2 ، مظفر گڑھ اور چکوال میں ایک، ایک شخص کا انتقال ہوا۔ دریں اثناءکمشنر کراچی نے سوائن فلو کے خدشات پر ہائی الرٹ جاری کردیا۔ کمشنر کراچی نے ہدایت کی ہے کہ تمام ہسپتال تیار رہیں، ائرپورٹ پر تھرمل سیکٹر کو فعال کیا جائے۔ ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز بنائے جائیں۔ دوسری طرف بہاولپور کے نامہ نگار کے مطابق بہاول وکٹوریا ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا ہے ہسپتال محمد یعقوب نامی پولیس کانسٹیبل کو داخل کیا گیا ہے جس کے خون کے نمونے تجزئیے کے لئے ملتان لیبارٹری میں بھجوائے گئے ہیں جس کے رزلٹ کے بعد پتہ چل سکے گا کہ اسکو سوائن فلو ہے یا نہیں۔ اس سے قبل ایک خاتون ناہیدہ شفیق کو بہاول وکٹوریا ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اس کے خون کے نمونے تجزیے کیلئے ملتان لیبارٹری بھجوائے گئے تھے جس کی رزلٹ کے بعد تصدیق ہو گئی تھی ۔ دوسری طرف انفلوئنزا کے خطرے کے پیش نظر قومی ادارہ صحت نے ایڈوائزری جاری کر دی، چند ہفتوں میں 9 کیس سامنے آنے پر ایڈوائزری جاری کی گئی۔ ایڈوائزری گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کیلئے جاری کی گئی۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے ملک بھرمیں سوائن فلو کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے چاروں صوبوں ‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ایڈوائزری جاری کردی جبکہ وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے سوائن فلو موسمی بیماری ہے، پھیلنے کا کوئی خدشہ نہیں۔ قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چند ہفتوںکے دوران سوائن فلو کے 150 کیسز سامنے آچکے ہیں اور سوائن فلو کے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔35سالہ سلطان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا جسے 13جنوری 2016کو نشتر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا سلطان جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب فوت ہو گیا۔
سوائن فلو