سینٹ : 4 بل منظور‘ راہداری پر وزیراعظم پارلیمنٹ میں بھی بیان دیں : چیئرمین
اسلام آباد (خبر نگار + ایجنسیاں) سینٹ نے غیر ملکی ایکٹ 1956ءمیں مزید ترمیم کرنے کا بل، غیر ملکیوں کا ترمیمی بل 2015ئ، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی آرڈیننس 2000 میں مزید ترمیم کرنے کا بل ”نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ترمیمی بل 2015ئ“ متفقہ طور پر منظور کرلئے۔ قومی اسمبلی سے پاس بیت المال ایکٹ 1991ءمیں مزید ترمیم کا بل کو متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔ وقفہ سوالات میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد، وفاقی وزیر ریاستیں عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ ہر سال سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کے لئے ترقیاتی بجٹ کو بطور ون لائن بجٹ کے طور پر ظاہر کیا جاتا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاءکے بعد پاک افغان سرحد پر سکیورٹی اثرات سے متعلقہ سوال کا جواب آئندہ روٹر ڈے پر فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزارت دفاع کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کی مالی مدد پر 92 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پنجاب میں 41 کیس رجسٹر کئے جن میں 51 افراد کو گرفتار کیا گیا، گلگت بلتستان میں 28 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان مقدمات میں 26 کا چالان ہو چکا ہے جبکہ 14 کیس زیر تفتیش ہیں۔ سندھ میں دہشت گردوں کی مالی معاونت پر پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ خیبر پی کے میں انسداد دہشت گردی کے ادارے کو 4 کیس رپورٹ کئے گئے 8 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ فاٹا، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور بلوچستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئندہ چار سے پانچ سال میں 200 لوکوموٹوز حاصل کئے جائیں گے، چین سے سابق دور میں کیا معاہدہ ختم کردیا گیا، اب نسبتاً بہتر معیار کے انجن حاصل کئے ہیں۔ ریلوے کا خسارہ کم کیا گیا ہے، 2014-15ءکے دوران 63 نئے ریلوے انجنوں کو بیڑے میں شامل کیا گیا ہے۔ اجلاس میں تاج محمد آفریدی، سسی پلیجو اور بعض دیگر ارکان کے وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق سوالات کے جواب دینے کیلئے وزیر اطلاعات پرویزرشید موجود تھے تاہم سوالات کرنے والے ارکان نہیں آئے جس وجہ سے جواب پڑھے ہوئے تصور کئے گئے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمان میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کریں تو زیادہ بہتر ہوگا۔ پرویز رشید نے درخواست کی تھی کہ ان سے متعلقہ سوالات پہلے لے لئے جائیں کیونکہ انہوں نے وزیراعظم ہاﺅس میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کے لئے جانا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ انہوں نے خود بھی وزیراعظم سے رابطہ کی کوشش کی ہے، وزیراعظم کو میرا پیغام دیں کہ وہ دونوں ایوانوں میں آ کر سی پیک کے حوالے سے بیان دیں تو بہتر ہوگا۔ چیئرمین رضا ربانی نے چودھری تنویر، فرحت اللہ بابر اور دیگر ارکان کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں ایف سی کی سہولیات سے متعلق معاملہ کو تحریک التوا پر ایوان میں زیر بحث لانے کی تحریک مسترد کر دی۔ رضا ربانی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں کوٹہ سسٹم سے متعلق بل نہ لایا گیا تو وہ اپنی رولنگ دینگے۔ وزیر موسمیاتی تبدیلی نے ایوان کو بتایا کہ حکومت پنشنرز اور بزرگ شہریوں کیلئے قومی بچت سکیموں میں شرح منافع بڑھانے کی خواہاں ہے۔ وزارت داخلہ نے ایک لاکھ 82 ہزار 30 اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کر دیئے ہیں۔ جن میں ممنوعہ بور کے 44389، غیر ممنوعہ بور کے ایک لاکھ 37 ہزار 641 لائسنس شامل ہیں۔
سینٹ