دیکھنا ہو گا کیا ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے؟: سپریم کورٹ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری ملازمین کے حقوق سے متعلق حکومت سے 15 دن میں رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار عبدالمتین نے موقف اختیار کیا کہ اکائونٹس ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ سترہ میں خدمات سرانجام دے رہا تھا سکیل ریوائز ہونے کے بعد گریڈ سولہ میں بھیج دیا گیا اور چھ ماہ گریڈ سترہ میں کام کرنے کے باوجود اس سکیل میں تنخواہ میں اضافے کا فائدہ نہیں دیا گیا جبکہ درخواست گزار ریٹائرڈ بھی ہوچکا ہے۔ جسٹس اعجاز افضل خان نے ریمارکس دیئے کہ اس معاملے میں دیکھنا ہوگا کہ کیا ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ملازمین کے حقوق کا سروس ایکٹ کے تحت تحفظ کیا جاتا ہے۔ عدالت نے اے جی پی آر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت پندرہ دنوں تک ملتوی کر دی ہے۔