؎مقبوضہ کشمیر: کئی علاقوں میں بھارت مخالف مظاہرے نوہٹہ میں پاکستانی پرچم لہرادئیے گئے وحشیانہ تشدد
سرینگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں جمعہ کو لوگوںنے سرینگر ، گاندربل ، پلوامہ ، سوپور ، بانڈی پورہ اور دیگر علاقوںمیں زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے ۔ مظاہرین نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں پاکستانی پرچم بھی لہرائے ۔ انتظامیہ کی طرف سے پلوامہ میں شہداکی یادگار قائم کرنے سے روکنے اور علاقے میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے مظالم کے خلاف مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہروں کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پلوامہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دی تھی جبکہ حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور دیگر نے اس کی حمایت کی تھی ۔حیدپورہ، زیون ، نوہٹہ ، گاندربل ، پلوامہ ، سوپور، بارہمولہ ، بانڈی پورہ اوردیگر علاقوںمیں لوگوںنے سڑکوں پر نکل کر مظاہرے کئے اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ پولیس نے حریت رہنمائوں امیر حمزہ اور میر حفیظ اللہ کو سوپور اوراسلام آباد سے گرفتار کرلیا ۔ قابض انتظامیہ نے سید علی گیلانی ، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی اور نعیم احمدخان کو مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے گھروں میں مسلسل نظربند رکھا اورانہیں نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی ۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انتظامیہ نے پارٹی چیئرمین شبیر احمدشاہ کو گزشتہ سال جنوری سے آج تک مسلسل 215روز سے گھر میں نظربند کررکھا ہے۔ جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوان سجاد احمد بٹ کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر کے علاقے زیون گئے۔ انہوںنے علاقے میں ایک بڑی ریلی کی بھی قیادت کی جس میں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاگ نعرے لگائے گئے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مختار احمد وازہ نے اسلام آباد کے علاقے لارنو میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں عالمی برادی سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کردار ادار کرے ۔