اورنج لائن ٹرین منصوبے کے تحت حکم امتناعی جاری 60 کنال رہائشی اراضی پر ممکنہ ورکشاپ بنانے کیخلاف درخواست پر حکم امتناعی جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے اورنج لائن ٹرین منصوبہ کے تحت 60کنال رہائش اراضی پر ممکنہ ورکشاپ بنانے کے خلاف دائر درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ فاضل عدالت نے مدعا علیہان سے جواب طلب کرتے ہوئے 18جنوری تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی ہے۔ فاضل عدالت کے روبرو خالد اسحاق ، شاہد اسحاق ، طاہر اسحاق، عبدالسلام زید اسحاق وغیرہ نے ایل ڈی اے ، ضلعی حکومت ، چیف سیکرٹری، اورنج لائن پراجیکٹ ایم ڈی، سی سی پی او، ایس ایچ او چوہنگ، کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے پوری زندگی کی جمع پونجی لگا کر پانچ مختلف تعمیرات کی ہیں لیکن اورنج لائن منصوبہ کے تحت درخواست گذار کی تعمیرات پر ممکنہ ورکشاپ بنائی جا رہی ہے جو غیرقانونی اور غیر آئینی اقدام ہے۔