جرنیل سپریم کورٹ کو موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ آئینی طور پر حکومت کو چلتا کرے:امریکی میڈیا
اسلام آباد( آئی این پی) امریکی خبررساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اقتدار پر قبضہ کی ہلکی سی خواہش رکھتے ہیں لیکن جرنیل پہلے سپریم کورٹ کو یہ موقع دینا چاہتے ہیں کہ وہ آئینی طور پر حکومت کو چلتا کرے۔ ماضی میں ہونے والی فوجی بغاوتوں کو سپریم کورٹ جائز قراردے چکی ہے ۔ خبرایجنسی کے مطابق پاکستان کو اس وقت گرتی ہوئی معیشت، القاعدہ و طالبان کی شدت پسندی، امریکہ سے تعلقات میں سردمہری سمیت بہت سے اندرونی مسائل درپیش ہیں۔ دوسری جانب برطانوی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کی جانب سے میموگیٹ سیکنڈل میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی جانب سے جمع کرائے گئے بیانات کو غیرقانونی اور غیر قانونی قراردینے کے بارے میں چینی اخبار کوانٹرویو کو واپس لینے اور معذرت نہ کرنے کے عزم کے اظہار کے بعد حکومت اور فوج کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔