اتحادی افواج کے غیر مشروط انخلا افغانستان کی آزادی کی ضمانت دینا ہو گی‘ حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار تمام فریقین کیساتھ مذاکرات پر تیار
کابل (نوائے وقت نیوز+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) افغانستان میں اتحادی افواج کیخلاف برسر پیکار دوسری بڑی عسکری تنظیم حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار 10سالہ افغان جنگ کے خاتمہ کیلئے تمام فریقین کیساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے تیار ہیں تاہم انہوں نے کہا مذاکرات سے قبل اتحادی افواج کے غیرمشروط انخلاءاور افغانستان کی آزادی، لوگوں کے حقوق و قومی تشخص کے احترام کی ضمانت دینا ہو گی۔ گزشتہ روز افغان اسلامک خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حزب اسلامی نے کرزئی حکومت اور امریکہ کے ساتھ مختلف مواقع پر مذاکرات کئے تاہم کوئی واضح اور قابل قبول نتائج برآمد نہیں ہو سکے۔ افغان حکومت بے اختیار ہے اور امریکہ کے پاس جنگ کے خاتمہ کیلئے افغان عوام اور مجاہدین کو قابل قبول فارمولا موجود نہیں۔ ادھر افغان امن کونسل نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ رہنما افغان امن کونسل کا کہنا ہے کہ افغان حکومت نے بھی بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ پاک افغان مذاکرات کیلئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی جلد افغانستان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان افغان صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں ۔امریکہ کے خصوصی نمائندہ گراسمین آج کابل پہنچیں گے۔
مذاکرات/ تیار
مذاکرات/ تیار