عرس لعل شہباز قلندر: سیہون جانیوالی گاڑیوں کو حادثات، لاہور کے 16 زائرین سمیت 22 جاں بحق

Feb 16, 2025

لاہور+ نواب شاہ+ رانی پور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کرنے کے لئے سیہون جانے والی گاڑیوں کو حادثات پیش آنے سے لاہور کے 16 زائرین سمیت 22 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ قومی شاہراہ پر حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کرنے کے لیے لاہور سے روانہ والی زائرین کی کوچ الٹنے سے 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثہ خیر پورکی تحصیل رانی پور میں پیش آیا جہاں حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے جانے والے زائرین کی کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں 16 زائرین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پولیس حکام موقع پر پہنچے، جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو گمبٹ اور رانی پور ہسپتال منتقل کروایا۔ مسافر بس لاہور سے ہارون آباد سیہون جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی حادثے کے مقام پر پہنچ گئی اور انتظامیہ کی مدد کی کوشش کی۔ زائرین کی گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ زائرین کی گاڑی کو دوسرا حادثہ قاضی احمد میں پیش آیا، واقعے میں6  افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے۔ گاڑی بورے والا سے سیہون آرہی تھی۔ پولیس کے مطابق حادثہ قاضی احمد آمری روڈ پر پیش آیا، زائرین سہیون شریف حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کیلئے آ رہے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بورے والا سے تعلق رکھنے والے بابر شاہ، ظفر شیخ، مزمل شیخ اور معراج شیخ شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کو تحصیل قاضی احمد اور نواب شاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثات پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے، زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں