فیصل آباد:دوران تفتیش دو گروپ گتھم گتھا ‘ تھانے کے شیشے‘ کھڑکیاں ٹوٹ گئی‘متعددزخمی 

Feb 16, 2025

فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) تھانہ مدینہ ٹائون میں دوران تفتیش دو پارٹیوں میں تصادم‘ گتھم گتھا ہوتے ہوئے ایک دوسرے پر کرسیاں ماریں، تھانے کی کھڑکیوں اور دروازے کے شیشے ٹوٹ گئے، عبوری ضمانت پر آٹھویں جماعت کے طالب علم سمیت متعدد زخمی ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی مدینہ ڈویژن اور اے ایس پی سمیت اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے‘ قبل ازیں بھی دونوں فریقوں میں دو مرتبہ لڑائی ہو چکی تفتیشی آفیسر خاموش تماشائی بنا رہا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ مدینہ ٹائون کے تفتیشی آفیسر نے مقدمہ نمبر 322 میں ملوث ایڈن گارڈن کے مسمی فریق اور ملزم فریق کو تفتیش کیلئے تھانے بلایا تو دوران تفتیش دونوں فریقوں میں پہلے گالم گلوچ ہوا اور پھر انہوں نے ایک دوسرے پر حملہ کر دیا اور تفتیشی کمرہ میں ایک دوسرے پر کرسیاں ماریں جسکی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مدعی فریق کے حملہ سے آٹھویں جماعت کا ملزم جو کہ عبوری ضمانت پر تھا وہ بھی زخمی ہو گیا۔ تھانہ مدینہ ٹائون میدان جنگ بن گیا‘ کرسیاں چلنے سے تھانہ کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ تاہم مدینہ ٹائون پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر سیل کر دی۔ بعدازاں مدینہ ٹائون پولیس نے ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے ہمراہ بھاری نفری کیساتھ رات گئے جھگڑے کے دوران حملہ آور ہونے والے فیصل اور دیگر کے گھروں اور ڈیرہ پر چھاپے مارے اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے ان کے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دو افراد کو حراست میں لیکر بازپرس شروع کر دی ہے۔ مدینہ ٹائون پولیس تھانہ میں دو فریقوں کو لڑائی کو چھپانے کی کوشش کرتی رہی۔

مزیدخبریں