میلادنگر میں پائپ لائن کی تنصیب نو، سوئی گیس کی بلاتعطل فراہمی کا آغاز
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ )یونین کونسل 1اور یونین کونسل 2میلاد نگر(ڈھوک رتہ) میں سوئی گیس پائپ لائن کی تنصیب نو کے بعدگیس کی بلاتعطل فراہمی کا آغاز ہو گیا۔اہل علاقہ نے اس مشکلات سے نجات دلانے پر راجہ نعمان نقاش، شاہد جدون،ملک الیاس ،احسان، وکی ڈان، عمران وارثی، ملک علی اور عدیل خان سمیت دیگر سماجی و سیاسی شخصیات کی شبانہ روز کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔سماجی خدمتگار ملک الیاس بھولا نے تحریک انصاف کے رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی جازی خان اور ان کے کوآرڈینیٹر امجد بھٹی کا شکریہ ادا کیا جن کی ذاتی دلچسپی سے اہلیان میلادنگر کو سوئی گیس بندش جیسی اذیت سے چھٹکارا ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہم محض دعووں کی بجائے عملی خدمت پریقین رکھتے ہیں۔میلادنگر کے مکینوں کو گزشتہ کئی برس سے سوئی گیس کی بنیادی سہولت کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ محکمے کے ذمہ داران گیس دباؤ میں کمی کا جواز گھڑ کے اپنی جان چھڑا لیتے تھے تاہم درد رکھنے والی فعال شخصیات نے مخلصانہ تگ و دو کر کیپائپ لائن کو تبدیل کروایا جس سے علاقے میں گیس کی فراہمی ممکن ہوئی۔انہوں نے اہل علاقہ سے گزارش کی ہے کہ گھریلو صارفین سوئی گیس لائن کے ساتھ منسلک آلات کو فوری طور پر ہٹا دیں تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔گیس دباؤ کے بڑھنے کے بعد کسی بھی قسم کی مشین یا کمپریسر وغیرہ لگانے سے سنگین جانی نقصان کے خدشات بڑھ جاتے ہیں ۔گھریلو سوئی گیس لائن کے ساتھ کسی آلے کو منسلک کرنا قانوناًجرم بھی ہے۔