لندن:اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے عمران خان حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دن رات یوٹرن لینے والوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے والدہ کے لندن پہنچنے کے بعد ایون فیلڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیمار والدہ لمبا سفر طے کر کے بخیریت پہنچی ان کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں،مریم کا کیس ہائیکورٹ میں ہے۔ اگر انہیں اجازت ملی تو اللہ سے دعا گو ہیں وہ بھی موجود ہوں۔اس موقع پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی ذمے دار عمران خان ہے،دن رات یوٹرن لینے والوں نے عوام کو صرف سبز باغ دکھائے۔
شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے آپ نے کہا تھا جب مہنگائی ہو تووزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے۔اب دیکھ لیں کون کرپٹ ہے اور کون نہیں؟
شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفاتر پر نیب چھاپے کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان، جہانگیر ترین، شہزاد اکبر اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے جو صرف شریف فیملی اور (ن) لیگ کے خلاف ہے۔ بدترین ادوار میں بھی ہم سرخرو ہوئے، اب بھی ہوں گے۔ اتفاق فاؤنڈری کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن اللہ کی مدد سے کامیاب ہوئے۔ لاہور سیف سٹی ہمارے دور کا کامیاب منصوبہ تھا آج عمران خان بد حواسی کے عالم میں وہاں پہنچے ان کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھی۔