سٹاک مارکیٹ: فروری کا دوسرا ہفتہ بھی مایوس کن، سرمایہ کاروں کو 11 ارب روپے خسارہ
کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ کیلئے ماہ فروری کا دوسرا کاروباری ہفتہ بھی مایوس کن رہا ،کاروباری اتار چڑھائو کی وجہ سے کے ایس ای100انڈیکس40100پوائنٹس سے بڑھ کر40200پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تاہم مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے11ارب روپے ڈوب گئے اور50.72فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں ۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور مندی کا یہ رجحان 3 دن رہنے کی وجہ سے انڈیکس1134.80پوائنٹس گھٹ گیا جبکہ2دن کی تیزی سے انڈیکس میں1234.43پوائنٹس بڑھ گیا تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ کاروباری اتار چڑھائو کی زد میں رہی ۔سٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق معاشی محاذ پر مثبت خبروں کے فقدان سے سرمایہ کاروں کے محتاط رویئے ،مہنگائی اور مانیٹری پالیسی میں سود کی شرح سے متعلق توقعات ختم ہونے ٹیکس محصوصلات میں ممکنہ شارٹ فال جیسے عوامل نے اسٹاک مارکیٹ کو مندی سے دوچار کئے رکھا جس کی وجہ سے مارکیٹ قابل ذکر کارکردگی کا مظاہر ہ نہ کر سکی ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں99.63پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے40143.63پوائنٹس سے بڑھ کر40243.26پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس144.15پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 18454.51پوائنٹس سیبڑھ کر18598.66پوائنٹس پر بند ہواجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس28042.82پوائنٹس کم ہو کر28015.75پوائنٹس پر آگیا ۔گذشتہ ہفتے مارکیٹ کے سرمائے میں11ارب 82کروڑ90لاکھ30ہزار441 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ75کھرب75ارب 39کروڑ 61لاکھ45ہزار686روپے سے کم ہو کر 75 کھرب 63 ارب 56 کروڑ 71 لاکھ 15 ہزار245روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس ایک موقع پر40787.24 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر39084.86پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا ۔