فتح جنگ: مسافر ویگن اور ڈمپر میں تصادم، ماں بیٹے، ڈینٹل سرجن سمیت 8 جاںبحق، 11 زخمی
فتح جنگ (نامہ نگار) فتح جنگ ترنول خونی روڈ پر ٹریفک کا المناک حادثہ تین خواتین سمیت 8افراد جاں بحق11زخمی ہو گئے۔ شدید زخمیوں کو راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوںمیں منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت راولپنڈی روڈ پرقطبال ٹول پلازہ کے قریب تیز رفتار مسافر ویگن اور ڈمپر میں خوفناک تصادم ہوگیا۔ حادثہ اس قدر شدید تھاکہ ویگن کا اگلا آدھا حصہ مکمل تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت5افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونے والوں ماں بیٹا بھی شامل تھے جبکہ 3زخمی ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی گھیب کے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر محمد سلیمان ، فتح جنگ کے رہائشی زین طارق اس کی والد ہ نزاکت بی بی، سمعیہ بی بی زوجہ عامر شہزاد، وسیم ولد امین سکنہ ملال، سجاد حسین، عجب خان پسران عبد الرحمن سکنہ مظفر گڑھ، اسماء فاطمہ دختر غلام محمد سکنہ کھوڑ جبکہ زخمی ہونے والوں میں شمیم بی بی زوجہ امیر اسلم، امیر اسلم ولد صوبہ خان، سمیع طار ق ولد طارق محمودساکنان فتح جنگ، مسعود احمد ولد عبد الرزاق، محمد فہیم ولد شاہ محمد ساکنان گلی جاگیر، نوید ولد رفیق سکنہ سمڑیال سیالکوٹ ، گلاب خان ولد محمد عمر سکنہ اسلام آباد، خالد محمود ولد خان ضمیر سکنہ باجوڑ، آرمی ملازم بلال اسد ولد محمد پرویز سکنہ اخلاص پنڈیگھیب، محمد شریف ولد محمد امیر سکنہ ملال، خستہ خان ولد نادر خان سکنہ افغانی کیمپ اسلام آبادشامل ہیں حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ قطبال، ڈی ایس پی پٹرولنگ پولیس اٹک حاجی محمد شفیق اور ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے ضابطے کی کاروائی کے بعد جاں بحق افراد کی نعشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو راولپنڈی کے مختلف ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔