آٹا، چینی بحران ہماری کوتاہی، فائدہ اٹھانے والوں کا پتہ چل گیا: عمران
لاہور+ اسلام آباد (نیوزرپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ روپیہ کی قیمت جب بھی کم ہوگی تو باہر سے چیزیں منگوانی پڑیں گی تو اشیائے خوردو نوش مہنگی ہوں گی۔ چینی آٹا مہنگا ہونے کوتسلیم کرتے ہیں کہ چینی اور آٹا جو مہنگا ہوا ہے اس میں ہماری کوتاہی ہے۔ جانتے ہیں کس نے مہنگائی کر کے فائدہ اٹھایا ہے۔ سب پتہ چل گیا ہے۔ مہینوں اور سالوں میں پاکستان تبدیل ہو گا۔ سسٹم بھی تبدیل ہو گا۔ عدل اور انصاف ملے گا۔ قانون کی حکمرانی ہو گی۔کھانے پینے کی جو چیزیں مہنگی ہوئی ہیں، چینی اور آٹا مہنگا ہوا ہے اس میں ہماری کوتاہی ہے۔ مہنگائی کر کے پیسہ بنانے والوں کو چھوڑیں گے نہیں۔ سسٹم ایسا بنائیں گے جس سے پتہ چل سکے کس چیز کس وقت ضرورت ہے۔ لاہور میں صحت سہولت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کبھی ایشین ٹائیگر بنانے کا نہیں کہا تھا۔ میں نے کہا تھا مدینہ کی ریاست کے اصول اپنائیں گے۔ مدینہ کی ریاست کا اصول ریاست کمزورطبقے کی ذمہ داری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اللہ کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں تو زندگی بدل جاتی ہے، میوہسپتال میں کینسرکے مریض کی مایوسی کودیکھ کرشوکت خانم بنایا، میوہسپتال میں غریب آدمی کودیکھ کرشوکت خانم بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں 72 لاکھ لوگوں کو صحت کارڈ ملیں گے، یہ سفر مدینہ کی ریاست کے اصولوں کا سفرہر سال غریبوں کو سہولتیں دیں گے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام میں ہیلتھ کارڈ سسٹم کی وجہ سے دو تہائی اکثریت ملی۔ تین چار سال تک مدینہ کی ریاست کو بھی مشکلات تھی۔ ہم نے سب سے پہلے کمزور طبقے کو اٹھانا ہے۔ ہم فلاحی ریاست کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ اللہ نے ملک کو بہت ساری نعمتیں دی ہیں، اقتدار میں آنے سے پہلے مجھے نہیں پتہ تھا۔ مہینوں اور سالوں میں پاکستان تبدیل ہو گا۔ سسٹم بھی تبدیل ہو گا۔ عدل اور انصاف ملے گا۔ قانون کی حکمرانی ہو گی۔ وزیر اعظم عمران خان سے گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات بھی ہوئی جس میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ملاقا ت کے دوران گور نر پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کو گورنر ہاؤس ہفتہ میں 2دن کیلئے عوام کیلئے کھولنے،گور نر ہاؤس بزنس پلان اور پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں کے بارے میں بتایا اورکہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے جون2020تک پنجاب کے2کروڑ افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائیگا اور اراکین اسمبلی کی مشاورت کے ساتھ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں فلٹر یشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں جبکہ گورنر ہاؤس اتوار کے علاوہ ہفتہ کے دن بھی عوام کیلئے کھولا جارہا ہے جبکہ گور نر ہاؤس بزنس پلان کے تحت کار پوریٹ سیکٹر کو گور نر ہاؤس میں تقر یبات کی اجازت دیدی گئی ہے جبکہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے ہم نے بھر پور کام کرنا ہے اور انشاء اللہ ہم پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے اور عوام کو تمام سہولتوں کی فراہم یقینی بنائیں گے۔ صحت کارڈ تقریب سے خطاب کرنے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ اشیاء خوردونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ قانون کی عملدار ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ارزاں نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے یوٹیلیٹی سٹورز پر 15 ارب کا پیکیج دیا ہے۔ آٹا اور چینی کی سرکاری قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم کاعثمان بزدارکو ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ دریں اثناء وزیراعظم نے سیف سٹی آفس کا دورہ کیا۔ عمران خان کو سیف سٹی ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے پولیس خدمت مرکز کے گلوبل پورٹل کا اجرا کر دیا۔ عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گلوبل پورٹل کے اجراء سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت میسر ہوگی اور ان کا اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلوبل پورٹل کا اجرا پولیس کا قابل تحسین اور متاثر کن اقدام ہے۔ ترجیح ہے کہ ملک میں امن و امان اور قانون کی عملداری ہر صورت ممکن بنائی جائے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو جب تک محفوظ ماحول فراہم نہیں ہوگا وہ سرمایہ کاری کرنے میں دقت محسوس کریں گے۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ قانون کی عملدار ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے لاہور میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملاقات کی جس میںصوبہ پنجاب کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور پر گفتگو کی گئی ،عمران خان نے کہا کہ ہمیں محدود وسائل میں بہتر سروس ڈلیوری دینے کے لئے ان تھک محنت کرنا ہے۔پاکستان میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ پاکستان میں سیاحت کا فروغ بھی قانون کی عملداری اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری پر منحصر ہے۔ ملک میں محفوظ ماحول کی فراہمی ہر صورت ممکن بناء جائے ،بڑے جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیں محکمہ پولیس میں سزا اور جزا کے نظام کو رائج کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے۔ اس کے بغیر پولیس میں بہتری ممکن نہیں ہو گی۔دو چیزیں ہمارے مستقبل کے لئے بہت اہم ہیں۔ بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے تحفظ فراہم کرنا اور ملاوٹ کی روک تھام۔ میں آپ سے توقع کرتا ہوں کہ ان دو اقدامات کے خلاف آپ بھرپور ایکشن لیں گے کیونکہ ان پر ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل منحصر ہے۔بچوں کو تحفظ فراہم کرنے اور ملاوٹ کے خلاف ایکشن میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بھرپور اقدامات لئے جائیں۔ دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوھدری محمّد سرور سے ملاقات کی ، وزیر اعظم عمران خان کو راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔