پی پی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری بہنوئی کے بھتیجے کی فائرنگ سے قتل
نوشہرہ فیروز (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری جائیداد کے تنازعہ پر مرحوم بہنوئی کے بھتیجے کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئیں، پولیس کے مطابق مقتولہ شہنازانصاری اپنے بہنوئی زاہد کھوکھر کے چہلم میں شرکت کے لئے نوشہروفیروز کے علاقے دریا خان مری پہنچیں جہاں ان کے بہنوئی کے بھتیجے نے ان پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں شہناز انصاری شدید زخمی ہوگئیں اور انہیں فوری طور پر نواب شاہ ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہنازانصاری کے بہنوئی زاہد کھوکھر کا 40 روز پہلے انتقال ہوگیا تھا اور وہ انہی کے چالیسویں میں شرکت کے لئے نوشہرو فیروز پہنچی تھیں، ان پر فائرنگ زمین کے تنازعے پر ہوئی۔ رکن سندھ اسمبلی شہنار انصاری کے قتل پر وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نوشہروفیروز سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے اور کہا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ شہناز انصاری کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں ۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کی ایم پی اے شہناز انصاری کے جسم میں تین گولیاں لگیں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ تفیتشی حکام کا کہنا ہے کہ ایم پی اے پر فائرنگ چھوٹی بہن کے دیور نے کی، دیور وقار فائرنگ کرکے فرار ہو گیا ، جس کی تلاش جاری ہے تفتیشی حکام کا مزید کہنا ہے کہ چھوٹی بہن کا سسرالیوں سے جگہ کے تنازع پر جھگڑا چل رہا تھا، خاتون ایم پی اے بہن کے شوہر کے انتقال پر سسرالیوں کے گھر گئیں تھیں، جگہ کے تنازعے پر خاتون ایم پی اے کو مقدمہ درج کرانے کو کہا تھا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری کے قتل کی خبر سن کر صدمے میںہوں۔ وہ ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔ شہناز انصاری کے قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن اسمبلی شہناز انصاری کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے سوگوار اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایم پی اے کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ واقعے کی انکوائری کے بعد ملزمان کیخلاف ایکشن ہوگا اس قتل میں جو بھی ملوث ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے ۔ ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے ایم پی اے شہناز انصاری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قتل پر صدمہ ہوا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پی پی کی رہنما شہناز انصاری کے قتل پر اظہار افسوس کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ شہناز انصاری پر قاتلانہ حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے سزا دی جائے۔ نوشہرو فیروز میں قتل ہونے والی ایم پی اے شہناز انصاری کے شوہر حمید انصاری نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ چار روز قبل بھی ایس ایس پی کو سکیورٹی کی درخواست دی اور بتایا تھا کہ انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ثبوت بھی ہیں میری بیوی کو بالوں سے پکڑ کر تین گولیاں ماری گئیں۔ صوبے میں ہماری جماعت کی حکومت ہے، بتائیں ہم کہاں جائیں۔