لاہور: قاتل ڈور نے ڈولفن اہلکار کی جان لے لی،فیصل آباد میں 4 افراد زخمی
لاہور‘ فیصل آباد (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار‘ آن لائن) ڈور پھرنے کے مختلف واقعات کے دوران لاہور نشتر کالونی میں ڈولفن اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ فیصل آباد میں 4افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور قیمتی جان نگل لی۔ نشتر کالونی میں پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے ڈولفن فورس کا اہل کار جاں بحق ہوگیا۔ اہل کار کی شناخت کانسٹیبل محمد صفدر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اہل کار اپنی ڈیوٹی ختم کر کے نشتر کالونی رنگ روڈ پر گھر جا رہا تھا۔ جاں بحق اہل کار کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ صفدر کو آبائی گائوں میاں سنگھ والا برکی میںسرکاری اعزازات کیساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ صفدر کی 2 ماہ بعد شادی تھی۔ قبل ازیں متوفی کی نماز جنازہ ڈولفن فورس ہیڈ کوارٹر والٹن روڈ میں ادا کی گئی، جس میں سی سی پی او ذوالفقار حمید، ایس پی ڈولفن عائشہ بٹ، ڈی آئی جی آپریشن رائے بابر سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی، دریں اثناء فیصل آباد پولیس پتنگ بازی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، گلے میں ڈور پھرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے‘ زخمیوں میں 24سالہ اسد، 23سالہ محمد محسن‘ انیس اور پیپلزکالونی کا وسیم ولد حفیظ شامل ہیں۔ شدید زخمی ہونے والوں کوہسپتال وارڈز میں منتقل کر دیا گیا جبکہ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ضلع بھر میں پولیس افسران نے پتنگ بازی کو روکنے کیلئے سینکڑوں افراد کیخلاف اب تک مقدمات درج کر کے انہیں پابند سلاسل کروایا اور درجنوں فیکٹریوں کے خلاف قانونی کارروائیاں کیں لیکن اسکے باوجود چھٹی کے روز پتنگ بازی میں ملوث افراد کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔