حکومت اسلام آباد کیلئے منصفانہ قانون کرایہ داری کا نفاذ یقینی بنائے ، ظفر علی شاہ
اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹرسے ) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سنیٹر سید ظفر علی شاہ نے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد کیلئے منصفانہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کر ا اس کا نفاذ یقینی بنائے تا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے صدر احمد حسن مغل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی، محمد نوید ملک، نثاراحمد مرزا اور فیضان شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تاجر برادری کو پرسکون ماحول کی ضرورت ہے لیکن جب ان کی جبری بے دخلیاں ہو گی تو کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ لہذا ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے اسلام آباد میں ایک منصفانہ قانون کرایہ داری کا نفاذ وقت کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اسلام آباد کیلئے ایک متوازن قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل تیار کیا گیا تھا جس کو پچھلی حکومت کے دور میں قومی اسمبلی میں پیش گیا تھا لیکن ابھی تک اس بل پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جس سے تاجر برادری میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی اپنی الیکشن مہم کے دوران مقامی تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پی ٹی آئی کی حکومت بننے کی صورت میں کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرا کر نافذ کیا جائے گا لہذا انہوں نے اسد عمر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی یقینی دہانی کی پاسداری کریں اور مزید تاخیر کئے قانون کرایہ داری کا بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کرا کے ان کو نافذ کریں تا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری تحفظ و سکون کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکے۔