عائشہ گلالئی کا بیان سیاسی شہرت حاصل کرنے کی مذموم سازش ہے،بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے: مریم اورنگزیب
وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کی ناراض رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے نواز شریف اور سینیٹ ٹکٹ کی پیش کش کے بیان کو جھوٹ اور سیاسی شہرت حاصل کرنے کی مذموم سازش قرار دیا ہے۔وزیر مملکت برائے اطلاعات کا عائشہ گلالئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کا جھوٹ پر مبنی بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کا بیان محض سیاسی شہرت اور حاصل کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک عائشہ گلا لئی نے تحریک انصاف تو چھوڑ دی مگر اس جماعت کے سربراہ کے سکھائے ہوئے جھوٹ کو نہ چھوڑا، وہ کس کے ایجنڈے پر اداروں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، گلالئی جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے اس لیگی رہنما کا نام بتائیں جس نے انہیں سینٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی۔وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عائشہ گلالئی کے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے وفادار اور مخلص کارکنوں کی موجودگی میں کسی باہر والے کو ٹکٹ دینے کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی گنجائش۔دوسری جانب سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ جن ہاتھوں میں عمران خان اور طاہرالقادری کھیلتے ہیں، عائشہ بھی انہی ہاتھوں میں کھیل رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)کے پاس سینیٹ کے ٹکٹوں کے لیے قدآور لوگوں کی لائن لگی ہوئی ہے، گلا لئی پہلے سیاست میں خود کو اس مقام تک لائیں کہ (ن) لیگ انہیں ٹکٹ کی پیشکش کرے۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے مسلم لیگ (ن) پر الزامات کے باوجود ہم عمران خان کے موبائل کا فارنزک ٹیسٹ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔خیال رہے کہ تحریک انصاف کی رہنما عائشہ گلالئی نے الزام عائد کیا تھا کہ اداروں پر تنقید کرنے کے لیے (ن)لیگی رہنما نے انہیں سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی تھی۔ عائشہ گلالئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف عمران خان سے زیادہ مکار اور خطرناک ہیں۔