عوام کے منتخب نمائندے کو گالیاں دیکر کس آئین کی تشریح ہورہی ہے، چیف جسٹس عمران کی زبان استعمال کریں گے تو جواب بھی ملے گا :مریم نواز
مانسہرہ :مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر عوامی عدالت نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ میں سوشل میڈیا کا کنونشن سمجھ کر آئی تھی نہیں معلوم تھا کہ پورا شہر امڈ آئے گا۔ آپ کی محبتوں اور شفقتوں کا شکریہ، اگر میرے آنے پر یہ حال ہے تو نواز شریف کے آنے پر کیا حال ہو گا۔ مانسہرہ میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے مریم نواز نے کہا مجھے لگتا ہے کہ نواز شریف کو عوام سے دور رکھنے کی سازش نے لوگوں کو نواز شریف کے عشق میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا آپ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کو مانتے ہیں؟ ہر عوامی عدالت نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا۔ دو دن پہلے لودھراں کی عوامی عدالت نے انصاف کیا۔ لودھراں کی عوامی عدالت نے نا اہل کو اہل کر دیا۔ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا۔ عوام کے ووٹوں کو پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا۔ عوامی عدالت نے لودھراں میں نواز شریف کے مخالفین کو سزا سنا دی۔ عوام کی پرچی پھاڑ دینا کیا یہ چوری نہیں، کبھی نواز شریف کو واپس نہیں آنے دیا جاتا تو کبھی باہر نہیں جانے دیا جاتا۔ پانامہ بنچ نے نواز شریف پر ٹرائل چلنے سے پہلے سزا سنائی۔ نواز شریف کی زندگی سزاﺅں سے بھری ہوئی ہے۔ہم بھاگنے والے نہیں پاکستان ہی میں رہیں گے۔ عدالت کی توہین ہوتی ہے تو کیا عوام کے ووٹ کی توہین نہیں ہوتی۔ نواز شریف اور ان کے بچے بھی یہاں رہیں گے۔ کبھی گاڈ فادر کبھی سسیلئن مافیا، کبھی چور، کبھی ڈاکو کہا جاتا ہے۔ کیا آئین میں گالی دینے اور انتقام لینے کی کوئی شق ہے؟ عوام کے منتخب نمائندے کو گالیاں دے کر کس آئین کی تشریح ہو رہی ہے، کیا ایسے القابات دینا عوامی ووٹ کی توہین نہیں، کہتے ہیں کہ مریم نواز اور نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دو، نواز شریف کا فیصلہ اب عدالتوں نے نہیں بلکہ آپ نے کرنا ہے۔ جس نے انصاف کی توہین کی وہ توہین عدالت کر رہا ہے۔ انتقام کی کونسی آگ ہے جو ٹھنڈی ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ عمران خان نے تحریک انصاف کو سازشی جماعت بنا دیا۔ چیف جسٹس عمران جیسی زبان استعمال کریں گے تو انہیں جواب بھی ملے گا۔ نواز شریف نے اگر کرپشن کی ہوتی تو عوامی عدالت سے فیصلہ نہ آتا۔ ہمیں ایک سے ایک بڑھ کر گالی سننے کو ملتی ہے۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں غلط فیصلوں پر تنقید توہین عدالت نہیں۔ سمجھ آ رہی تھی کہ کیا فیصلہ آنے والا ہے، درست فیصلے وضاحت طلب نہیں ہوتے۔ نقصان نواز شریف کو نہیں عدل و انصاف کو پہنچا ہے۔ منتخب وزیراعظم کو کبھی ہائی جیکر بنایا اور کبھی جیل میں ڈال دیا جاتا ہے۔ جس نے عدالت کیلئے شرمناک کا لفظ بولا اسے پکڑا جائے۔ نواز شریف پر جتنا دباﺅ ڈالو گے وہ اتنا ہی مضبوط ہوں گے۔ جہانگیر ترین تحریک انصاف میں عمران خان سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔ نوازشریف کے ایک سپاہی نے اسے چاروں شانے چت کر دیا۔ عمران خان کو ہارنے کے بعد اب چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی۔ جہاں جہاں تحریک انصاف کا امیدوار ہارا ہے۔ اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ عمران خان نے تحریک انصاف کو سازشی جماعت بنا دیا ہے۔