تحریک انصاف کا پارٹی آئین پرجامع انداز میں نظر ثانی کا فیصلہ، آئینی ماہرین اورسینئرپارٹی رہنماؤں پرمشتمل کمیٹی قائم
پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی آئین پرجامع اندازمیں نظرثانی کیلئے آئینی ماہرین اورسینئرپارٹی رہنماؤں پرمشتمل کمیٹی قائم کردی۔ ڈاکٹربابراعوان، سرداراظہرطارق، ڈاکٹرعارف علوی،عامرمحمود کیانی اورشاہد نسیم گوندل کمیٹی میں شامل ہوں۔ چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری سے قائم کمیٹی پارٹی آئین کا مفصل جائزہ لے گی، کمیٹی پارٹی آئین کو بہتراور جامع بنانے کیلئے اپنی سفارشات چیئرمین کو پیش کرے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف صحیح معنوں میں ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے، جماعت کی تنظیم و تشکیل کا انحصار اسکے آئینی ڈھانچے پرہوتا ہے، تحریک انصاف کو ادارہ بنانے کیلئے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا آئینی ڈھانچہ پاکستان کی کسی بھی سیاسی جماعت سے بہتر اور جدید ہے، آئینی ڈھانچے میں مزید جدت اور جامعیت ضروری ہے، سیاست میں پیش قدمی کیساتھ جماعت کے اندرونی ڈھانچے کی تعمیر سے غافل نہیں ہوں گے، آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان کیساتھ بہترین سیاسی جماعت بھی دیں گے۔