کراچی کے لوگ کرکٹ سے بے انتہا محبت کرتے ہیں ،میئر کراچی وسیم اختر
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے اور اس شہر نے کرکٹ کو عالمی سطح کے کئی کھلاڑی دیئے ہیں۔وہ نیشنل اسٹیڈیم کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے اعلان کے بعد شہریوں میں بے انتہا جوش پایا جاتا ہے۔امید ہے کہ شہریوں کو ایک طویل عرصے کے بعد اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ہمارا تمام تر تعاون انتظامیہ کے ساتھ ہے ،خوش دلی کے ساتھ اس فائنل میچ کو کراچی میں منعقد کریں۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے روز فائربریگیڈ، سٹی وارڈنز، ریسکیو1122اور میونسپل سروسزکے محکمے اپنے فرائض انجام دیں گے۔پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہونا وقت کی ضرورت ہے ،اس ایونٹ کا کراچی میں منعقد ہونا ہوا کا تازہ جھونکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی اپنی ایک تاریخ ہے اور اس اسٹیڈیم میں عالمی سطح کے لاتعداد مقابلے منعقد ہوچکے ہیں۔امید ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ انتہائی یادگار ثابت ہوگا اور اسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔خواہش ہے کہ اس قسم کے ایونٹ آئندہ بھی کراچی میں منعقد کئے جائیں ۔انہوں کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کا منصبوبہ تیزی سے جاری ہے امید ہے کہ اسٹیڈیم بروقت میچ کیلئے تیار ہوجائے گا۔سٹی گورنمنٹ اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔