دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھاسکتے ہیں : صدر ممنون
اسلام آباد (آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان مواقع کی سرزمین ہے۔ حکومت پاکستان نے بہترین قانون سازی کے ذریعے ان مواقع کو مزید بہتر بنا دیا ہے جس سے پوری دنیا کے سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں ۔ ہمیں خوشی ہوگی اگر ہمارے عزیز ترین برادر ملک ترکی سے تاجر اور صنعت کار اس سے فائدہ اٹھائیں۔صدر مملکت نے یہ بات پاکستان ترک بزنس فورم کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے ترک سفیر احسان مصطفی یوردا قل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے سرمایہ کاروں کے علاوہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات غیر معمولی نوعیت کے ہیں جن کی مثال خارجہ تعلقات کی دنیا میں ملنا مشکل ہے ۔ صدر مملکت نے اس امر پرمسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ترک ادارے پاکستانی انجینئرز اور کارکنوں کی تربیت کا خصوصی اہتمام کر رہے ہیں اور مزید تربیت کے لیے انھیں ترکی بھیجا جارہا ہے جس کے مفید نتائج برآمد ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ صحت اور دواسازی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔