سابق وزیراعظم کو حاضر ی سے استثنیٰ نہ دینا انصاف کے منافی ہے: سیاسی رہنما
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن)، عوامی نیشنل پارٹی، استقلال پارٹی، مسلم لیگ فنکشنل اور جمہوری وطن پارٹی نے احتساب عدالت سے میاں نواز شریف، مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کی پندرہ روز کیلئے استثنیٰ کی درخواست کو خارج کئے جانے کو انصاف کے منافی قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ سابق وزیراعظم ان کی صاحبزادی اور داماد کو ان کے قانونی اور اخلاقی حق سے محروم کرنا قانون کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے نیب کی جانب سے ان تینوں کو ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کو بھی جانبدارانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کے ساتھ یہ سلوک انتقامی کارروائی ہے۔ سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکز رہنما احسان وائیں نے کہا ہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرنا انصاف کے خلاف ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بیگم کلثوم نواز بیرون ملک زیر علاج ہیں اس لئے ان کے خاوند، بیٹی اور داماد کا قانونی اور اخلاقی حق ہے کہ ان کو برطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی طرف سے ای سی ایل میں نام ڈالنے کی سفارش بھی ایک ایسے شخص کے ساتھ زیادتی ہے جو تین بار ملک کا منتخب وزیراعظم رہ چکا ہے۔ استقلال پارٹی کے چیئرمین سید منظور علی گیلانی نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف ان کی بیٹی اور داماد کو بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے احتساب عدالت کا استثنیٰ نہ دینا قرین انصاف نہیں، انہوں نے کہا کہ قانونی اور اخلاقی طور پر احتساب عدالت سابق وزیراعظم کو استثنیٰ دے سکتی ہے، ان کے خلاف اس فیصلے سے انصاف کی روشنی نہیں پھوٹ رہی۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سینئر نائب صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل سلطان محمود خان نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل ووٹ کے تقدس، جمہوریت اور آئین کے ساتھ ہے اس لئے ایک ایسی پارٹی کے سربراہ کو استثنیٰ کا قانونی حق نہ دینے کو سابق وزیراعظم کے ساتھ ناانصافی سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں کے الیکشن سے ثابت ہو گیا آئندہ انتخابات نواز شریف جیتیں گے، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ احتساب عدالت سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے برطانیہ جانے کیلئے استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواست مسترد کئے جانے کو انصاف کے منافی قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ نیب کی طرف سے ان کو ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش بھی یکطرفہ احتساب اور انتقامی کاررورائی کے مترادف ہے۔