دودھ قیمت میں اضافے کیلئے گوالوں کا بھینسوں سمیت مظاہرہ
کراچی ( کرائم رپورٹر/خبرنگار) کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لئے ڈیری اینڈ کیٹل فارم ایسوسی ایشن کا بھینسوں کے ہمراہ مظاہرہ نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہونے پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا جبکہ پولیس نے لاٹھی چارج ، ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دودھ کی مقدار بڑھانے کے لئے بھینسوں کو ٹیکے لگانے پر پابندی کا حکم دیا ہے جس کے بعد ڈیری اینڈ کیٹل فارم ایسوسی ایشن کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کا مطالبہ کیا جارہا ہے جمعرات کو اس مطالبے کے حق میں بھینس کالونی میں مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر مظاہرین بھینسوں کو بھی لے کر آئے تھے۔ جس کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوئی تو پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج ‘ ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا تاہم مظاہرین پولیس کے سامنے ٹھہر نہیں سکے اور موٹرسائیکلوں کے علاوہ بھینسوں کو بھی چھوڑ کر بھاگ نکلے۔جب کہ متعدد گرفتار کرلئے گئے۔ قبل ازیں ڈیری فارمر ایسو سی ایشن کے صدر شاکر گجر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کراچی نے رواں ماہ دو بار میٹنگ کی گئی جس میں ہمارا مطالبہ تھا کہ دودھ کے ہول سیل ریٹ 100 روپے فی کلو مقرر کئے جائیں جبکہ رٹیلر ریٹ 110روپے فی کلو مقرر کئے جائیں جس کو کمشنر کراچی نے ماننے سے صاف انکار کردیا۔ جس کے بعد مجبوراً آج ہم پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔ دودھ کے نرخ تعین نہ ہونے کے بعد فارم مالکان کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ جلد سے جلد دودھ کی قیمتوں کا تعین کیا جائے بصورت دیگر دودھ کی سپلائی مکمل طور پر بند کردی جائے گی۔
بھینس مظاہرہ