اوورسیز پاکستانیوں کا معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ہے: شاہین بٹ
لاہور (کامرس رپورٹر) اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کے وائس چیئرمین کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں ان کا معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ہیں۔ اس لیے ان کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب قائم کیا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک بیرون ملک پنجاب کے رہائشیوں کی 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 62 فیصد نمٹا دی گئی ہیں جبکہ باقی درخواستوں کو نمٹانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی سے بیرون ملک پاکستانی بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2014 میں اس ادارے کا قیام عمل میں آیا۔ اس کی متاثر کن کارکردگی کے باعث اب وفاقی حکومت دیگر صوبوں کو بھی اس طرح کے ادارے کے قیام پر زور دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب صرف شکایات کے حل کے لیے نہیں ہے بلکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی فلاح و بہبود بھی کی جا رہی ہے۔