کارکن انٹر پارٹی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں،فاروق ستار
کراچی( خصوصی رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ 18 فروری کے انٹر پارٹی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں۔ الیکشن رابطہ کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکیٹو کونسل کے لئے ہوگا۔ پی آئی بی میں اپنی قیام گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان ان کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ پتنگ کا نشان بھی ان کے نام پر ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ان کا احترام اور ان کی عزت دل سے ہو زبان سے نہ ہو گھر کے مسائل گھر کے اندر ہی حل ہونا چاہئیں۔ اگر کسی سے حل نہ نکلا تو وہ حل نکالیں گے۔ فاروق ستار کا کہنا تھاکہ انہوں نے کوئی ایسی بات نہیں کی جس سے بہادر آباد کے ساتھیوں کی دل آزاری ہو۔ انہوں نے اپنے تمام ساتھیوں کو بھی دل آزاری پر مبنی بیانات دینے سے منع کردیا۔ دریں اثناء فاروق ستار نے کہا کہ اپنے تمام ذمہ داروں کو منع کیا ہے کہ بہادر آباد کے الزامات کا جواب نہ دیا جائے فاروق ستار کا کارکنوں کو پیغام میں مزید کہنا ہے کہ بہت مجبوری ہو تو بہادر آباد کے ساتھیوں کے الزامات کا جواب دیا جائے۔ نہیں چاہتا کہ الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ چلے۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ اگر ہمارے اوپر کوئی الزام لگتا ہے تو ہمارے پاس جواب کا حق ہوگا۔ کل بہادر آباد کے اجلاس کے لئے ریکارڈ پیغام دیئے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے مزید کہاکہ ریکارڈڈ پیغام میں کہا جارہا ہے کہ تعداد سے زیادہ اہمیت اصول کی ہے منتخب پارٹی سربراہ کو دودھ میں مکھی کی طرح نکال دیتے ہیں۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے یہ بھی کہا کہ جو سربراہ کے ساتھ ایسا کرتے ہیں وہ کارکنوں اور عوام کے ساتھ کیا سلوک کریں گے فاروق ستا رنے کہا کہ ان کی جام خان شورو سے نہ ملاقات ہوئی اور نہ فون پر بات چیت ہوئی ہے۔
فاروق ستار