صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کی اپنے محکمے کے سیکریٹری سے ٹھن گئی
کراچی( سالک مجید) سندھ کے وزیر فشریز اینڈ لائیو اسٹاک محمد علی ملکانی ناراض ہوکر گھر بیٹھ گئے ہیں اور محکمے کے سیکریٹری سہیل اکبر شاہ کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمے کے افسران صوبائی وزیر او رسیکریٹری کے درمیان جاری سرد جنگ کی وجہ سے کئی دنوں سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں سیکریٹری سہیل اکبر شاہ نے غیر قانونی احکامات اور ناجائز فرمائشیں ماننے سے صاف انکار کردیا ہے جب کہ صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو شکایت کی ہے کہ محکمے میں ان کی بات سنی ان سنی کردی جاتی ہے وہ برائے نام وزیر بن کر رہ گئے ہیں تمام اختیارات سیکریٹری کے پاس ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اس صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں اور ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کوراضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے سہیل اکبر شاہ کو سیکریٹری کالجز بنانے کی تجویز پر بھی غو رکیا لیکن اس تجویز کو پذیرائی حاصل نہیں ہوئی۔ سہیل اکبر شاہ گریڈ21 کے سینئر افسر ہیں سیکیورٹی ٹو وزیراعلیٰ بھی رہ چکے ہیں اور ان افسران میں شامل ہیں جن کو وزیراعلیٰ کی فرمائش پر اسلام آباد سے سندھ میں بھیجا گیا تھا۔ سیکریٹری لائیو اسٹاک فشریز کے قریبی ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ بحران ختم کرنے کے لئے انہوں نے وزیراعلیٰ سے کہہ دیا ہے کہ صوبائی حکومت جو فیصلہ کرے گی۔ وہ اسے قبول کریں گے۔ لیکن وزیر کے غلط اور غیر قانونی احکامات تسلیم نہیں کریں گے۔
محمد علی ملکانی