سینیٹ کے انتخابات میں پیسے کا استعمال باعث شرم ہے: سراج الحق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہر سطح کے الیکشن کو صاف شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس غیر معمولی اختیارات ہیں مگر الیکشن کمیشن اپنے ان اختیارات کو استعمال کرتاہے اور نہ اپنے بنائے ہوئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی طرف توجہ دیتاہے ۔ سینیٹ کے انتخابات میں پیسے کا استعمال باعث شرم ہے ۔ سیاسی جماعتیں اپنے اندر سے ایسی کالی بھیڑوں کو نکال باہر کریں جو دولت کے بل بوتے پر لوگوں کے ضمیر کا سودا کرتی ہیں ۔ سیاسی جماعتوں کو نظر رکھنی چاہیے کہ وہ کن لوگوں کو ٹکٹ دے رہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جب تک انتخابی نظام درست نہیں ہوتا ، عوام کی حقیقی قیادت سامنے نہیں آسکتی ۔ الیکشن کمیشن 2018 ء کے انتخابات سے قبل انتخابی نظام کی درستگی اور اصلاحات کے نفاذ کی طرف توجہ دے ۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح سینیٹ کے انتخابات کو دولت کا کھیل بنادیا گیاہے اور ممبران اسمبلی کی منڈی کے جانوروں کی طر ح بڑھ چڑھ کر بولیاں لگائی جارہی ہیں ، وہ انتہائی شرمناک اور ایوان بالا کی توہین کے مترادف ہے ۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن اب یہ بہانہ نہیںبنا سکتاکہ اس کے پاس اختیار نہیں، الیکشن کمیشن کو تمام اختیارات حاصل ہیں لیکن وہ اربوں کھربوں میں کھیلنے والے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی دبائو میں آ کر مصلحت اختیار کر لینا مسائل کا حل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ جن لوگوں پر کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں، جن کے پانامہ لیکس، دبئی اور لندن لیکس میں نام ہیں یا جنہوں نے بنکوں سے قرضے لے کر واپس نہیں کیے ، جب تک عدالتیں انہیں کلیئر نہ کریں الیکشن کمیشن انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے ۔ اگر یہی کرپٹ ٹولہ قومی اداروں پر دوبارہ مسلط ہوگیا تو رہی سہی کسر بھی نکال دے گا اور جن قومی اداروں میں زندگی کی کوئی رمق موجود ہے ، ان کا بھی بیڑا غرق کر دے گا۔
سراج الحق