محکمہ تعلیم میں ہیڈ ماسٹر سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی گریڈ 18 میں ترقیاں
کراچی (نیوز رپورٹر) حکومت سندھ محکمہ تعلیم نے حال ہی میں 249 ہیڈ ماسٹرز اور 379 سبجیکٹ اسپیشلسٹ کو ہیڈ ماسٹر گریڈ 17 سے 18 اور اسسٹنٹ پروفیسر گریڈ 17 سے 18 میں خالی اسامیوں پر ترقی دی ہے ان ہیڈ ماسٹرز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ میں کچھ ایسے لوگ بھی ترقی پا گئے ہیں جن کا نہ تو کوئی ریکارڈ متعلقہ ڈائریکٹریٹ میں موجود ہے نہ ہی ان کے پروموشن کیلئے کیسز کسی ڈائریکٹریٹ اسکولز سے محکمہ تعلیم و خواندگی کو بھیجے گئے تھے جب ان لوگوں کے نام سابق سیکرٹری تعلیم عزیز عقیلی کے سامنے آئے تو انہوں نے اس کی جانچ پڑتال کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی تھی اور کمیٹی کی رپورٹ کے پیش کئے جانے تک ان کے پروموشن روک دئیے گئے تھے لیکن موجودہ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر اقبال درانی نے کمیٹی کو پس پشت ڈالتے ہوئے ان افراد کو گریڈ 17 سے 18 میں پروموشن کی منظوری دیدی۔ اسی طرح عزیز عقیلی نے ترقی پانے والے ہیڈ ماسٹرز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی ٹریننگ کروانے کیلئے کروڑوں روپے کا بجٹ منظور کروایا تاکہ ہیڈ ماسٹرز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ اپنے فرائض منصبی اچھے طریقے سے ادا کر سکیں۔ غور طلب بات یہ ہے کہ اب ان سبجیکٹ اسپیشلسٹ اور ہیڈ ماسٹرز کو جن میں سے کافی لوگوں کے پروموشن مشکوک ہیں اب سفارش اور پسند کی بنیاد پر مختلف دفاتر میں انتظامی عہدوں پر تقرری کی جا رہی ہے جو قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے کیونکہ ان ہیڈ ماسٹرز کو ہیڈ ماسٹرز گریڈ 18 کے عہدے پر ترقی دے کر ان کی ٹریننگ کروائی گئی ہے۔