آئی سی سی کی ہدایات کے پیش نظر حکومت نے بورڈ کا آئین منظور کرلیا ہے جس پر من و عن عمل ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی

لاہور میں کنیئرڈ کالج کی صد سالہ تقریبات کے سلسلہ میں کرکٹ اکیڈمی کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ کسی بھی طرح کے حالات میں اپنی پرفارمنس دکھاسکتے ہیں،کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ٹیم کی کارکردگی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف سیریز کے بعد کھلاڑیوں کو پریکٹس کا موقع نہیں ملا،اسی وجہ سے جنوبی افریقہ میں ایڈجسٹ ہونے کے لئے تھوڑا وقت لگا۔پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سیریز کے التواء سے خامیاں دور کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کی ہدایات کے پیش نظرحکومت نے پی سی بی کا آئین منظور کرلیا ہے،تاہم انہوں نے ابھی اسے نہیں دیکھا، جیسے ہی منظور شدہ آئین سامنے آئے گا اس پرمن و عن عمل ہوگا۔