کابل(آئی این پی+شنہوا+نیٹ نیوز)افغانستان کے دو صوبوں کابل اور غورمیں بم دھماکے،فائرنگ میںنائب صوبائی گورنر،نائب سربراہ صوبائی کونسل ،سیکرٹری سمیت 5افراد ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں شہر کے نائب صوبائی گورنر ہلاک ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق بم دھماکے میںکابل کے نائب صوبائی گورنر محبوب اللہ محبی ہلاک ہوگئے،دھماکا صبح 9بج کر 40منٹ پر ہوا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ بم نائب صوبائی گورنر کی بکتر بند گاڑی کے ساتھ لگایا گیا تھا، جس سے دو افراد ہلاک اور دواہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ڈپٹی گورنر کی ایک سیکریٹری بھی شامل ہے۔علاوہ ازیںافغان صوبے غور میں آئی ای ڈی دھماکہ میں صوبائی کونسل کا نائب مارا گیا۔مقامی عہدیداروں نے تصدیق کی کہ صوبائی کونسل کا نائب سربراہ ، عبدالرحمن منگل کو مقناطیسی آئی ای ڈی دھماکے سے ہلاک ہوگئے اور کونسل کا دوسرا ممبر زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ غور کے دارالحکومت فیروز کوہ میں پیش آیا۔ کونسل کے ایک ممبر نے بتایا کہ گاڑی پر ایک بم نصب کیا گیا تھا۔ ادھرکابل میں فائرنگ کے ایک واقعے میں مسلح شخص نے ایک پولیس افسر کو ہلاک ،2کو زخمی کردیا۔ افغانستان کے اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان حملوں کی ابھی تک کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
افغانستان : دھماکے ، فائرنگ، نائب گورنر کابل ، ممبر ، صوبائی کونسل سمیت5ہلاک، 3زخمی
Dec 16, 2020