مودی حکومت مسلمانوں سے حالت جنگ میں ہے،صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف جاری بد ترین ریاستی تشدد کو مسلمانوں کے خلاف جنگ کی کیفیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت بھارتی مسلمانوں کے خلاف حالتِ جنگ میں آ چکی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف ہندو فاشزم پر مبنی بد ترین بربریت کا مظاہرہ ہو رہا ہے، دہلی پولیس نے جامعہ ملیہ میں بھی گھس کر لڑکیوں کے خلاف ایکشن کیا، ہندو فاشزم کا چہرہ بے نقاب ہو گیا۔صدر مملک عارف علوی نے کہا کہ بھارت سے صرف ایک دن میں اب تک ہزاروں ایسے پیغامات دنیا کے سامنے آ چکے ہیں جو ہندوتوا کی بدترین شکل کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ صدر عارف علوی نے لکھا کہ میں ان میں سے صرف ایک پیغام کو یہاں اپنے بیان کے ساتھ شامل کر رہا ہوں جس میں ایک لڑکی رو رہی ہے اور بھارتی پولیس کی درندگی بیان کر رہی ہے۔صدر عارف علوی نے بھارتی مسلمان طالبہ کا ویڈیو میسج ٹویٹ میں شامل کیا، جس میں طالبہ کا کہنا تھا کہ بے رحم پولیس نے دہلی کی جامعہ ملیہ یونی ورسٹی کی مسجد کے اندر بھی پناہ لینے والی لڑکیوں کے خلاف ایکشن کیا۔