ملتان سکھر موٹروے(ایم 5) کی تعمیر سے سفر کا دورانیہ صرف 4 گھنٹے رہ گیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سی پیک منصوبے کے ملتان سکھر موٹروے(ایم 5) کی تعمیر سے دونوں شہروں کے درمیان نہ صرف سفر کا دورانیہ 11 گھنٹوں سے کم ہو کر4 گھنٹے رہ گیا بلکہ اس کے سبب ہزاروں مقامی تجارتی مراکز بحال ہونے سے روٹ کے قرب و جوار کی آبادی کے معیارِ زندگی پر بھی دوررس اثرات مرتب ہوئے ہیں۔سی پیک اتھارٹی ذرائع کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پشاور تا کراچی ایکسپریس وے کا اہم سیکشن ہے جسے سی پیک کے فریم ورک کے تحت تعمیر کیا گیاہے۔ ایم 5 موٹروے کے سبب موٹروے سے ملحقہ علاقوں کی سماجی و اقتصادی تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار ہونے کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے باہمی مراسم مزید مضبوط ہوں گے۔ ملتان شہر نقدآور اجناس آم اور کھجور جبکہ سکھر ٹرانسپورٹیشن حب کے طور پر نہایت اہمیت کا حامل شہر ہے، اس منصوبے سے ان کی مقامی معیشت اور صنعتیں مستحکم ہوں گی۔چائنہ کنسٹریکشن پاکستان کمپنی لمٹیڈ نے پاکستان کے 4500 مشین آپریٹرز اور 2300 منیجمنٹ اور ٹیکنیکل سٹاف کو ٹریننگ دی ہے،اسی طرح کمپنی نے سماجی و اقتصادی شعبے کی بہتری کے لیے پاکستان کی 8 یونیورسٹیوں کے طلبہ کو اعلٰی تعلیم کے لیے چین کی ووہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں تعلیم کی فراہمی کے لئے 1.5 ملین یوان ادا کیے ہیں۔