این ایل سی نے بہاولپور ریلوے سٹیشن کی تعمیر نو کا کام مکمل کر لیا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)این ایل سی نے بہاولپور ریلوے سٹیشن کی از سر نو تعمیر مکمل کر لی ریلوے اسٹیشن نور محل کے طرز پر بنایا گیا ہے۔نیشنل لاجسٹکس سیل(این ایل سی) نے بہاولپور ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا کام مکمل کر لیا۔ بلڈنگ کی تعمیر میں جنوبی پنجاب کے تاریخی ثقافتی ورثہ اور طرز تعمیر کی عکاسی کو یقینی بنایا گیا ہے جسے بلا شبہ پاکستان کا سب سے خوبصورت ریلوے اسٹیشن قرار دیا جا سکتا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ این ایل سی نے نہ صرف منصوبہ نفع حاصل کئے بغیر مکمل کیا ہے بلکہ کل لاگت کا دس فیصد اپنی طرف سے بھی اس میں لگایا ہے۔منصوبے میں پرانے ریلوے اسٹیشن اور پلیٹ فارم مسمار کر کے مسافروں کے لئے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ نئے ریلوے اسٹیشن میں تاریخی نور محل کی فن تعمیر کی مماثلت نظر آتی ہے جسے مرکزی شاہراہ سے طویل فاصلے سے دیکھا جا سکتا ہے۔سٹیشن پر بھیڑ کے باوجود این ایل سی نے پرانی عمارت کو گرانے اور تعمیراتی کام کے تمام مراحل میں ٹرینوں اور مسافروں کی روانی کو یقینی بنائے رکھا۔ گرائونڈ فلور کمرشل ایریازاور شاپنگ سنٹرز پر مشتمل ہے جبکہ عوامی مقامات اور دفاتر دوسری منزل پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ بلڈنگ کی تعمیر کے اطراف چار پارکنگ بھی بنائی گئی ہیں جبکہ مرکزی عمارت کے سامنے چمن بنایا گیا ہے جو اسٹیشن کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔یاد رہے کہ این ایل سی نے پاکستان ریلوے کے کئی اہم منصوبے تعمیر کئے ہیں جن میں سبی تا ہرنائی ریلوے ٹریک کی بحالی، سبی، اوکاڑہ اور رائے ونڈ ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو اور دیگر اہم منصوبے ہیں۔