پی آئی سی پر حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پاکستان کارڈیک سوسائٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کارڈیک سوسائٹی کے منعقدہ اجلاس میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں پیش آنے والے شرمناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ پی سی ایس کے سیکریٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر سید اشتیاق رسول کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وکلاء کے ایک گروپ کی طرف سے اسپتال پر حملہ در اصل انسانیت پر حملہ کے مترادف ہے، جبکہ یہ اقدام معاشرے میں عدم برداشت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس طرح کے واقعات سے مقدس پیشوں کا تقدس پامال ہوا ہے۔ پاکستان کارڈیک سوسائٹی نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر اعلی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے اور اسپتال کو پہنچنے والے تمام نقصانات کی تلافی واقعہ کے ذمہ داروں سے کی جائے ، حکومت آئندہ اس طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے قانون سازی کرے اور واقع میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ مزید برآں سوسائٹی کے ممبران نے پی آئی سی کے ڈاکٹروں ،پیرا میڈیکل اسٹاف اور متاثرہ مریضوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔