جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع‘ بھارت کو منہ کی کھانا پڑیگی: چودھری سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بھارت سازشوں سے باز نہیں آرہا مگر انشاء اللہ جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع ہو جائیگی اور بھارت کو منہ کی کھانا پڑیگی۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے معاملے پر یورپی پالیمنٹ کے نائب صدر، چیئر پرسن انسانی حقوق کمیٹی سمیت 36 یورپی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کامیاب رہی ہیں۔ دنیا دہشت گردی کے خلاف اور امن کے قیام کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہ رہی ہے۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں اپنے دورہ یورپ کے حوالے سے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ دورہ یورپ کے دوران میری یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر فابیو ماسیمو کاستالدو اور یورپی پارلیمانی کمیٹی برائے فارن افئیرز کے چیئر مین ڈیوڈ میک آلسٹر اور یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کی چیئرپرسن سمیت تین درجن سے زائد یورپی اراکین پار لیمنٹ سے کامیاب ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب تک جی ایس پلس سٹیٹس کے ذریعے 15ارب ڈالرز سے زائد کا فائدہ حاصل کر چکا ہے اور اب جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع پاکستان کیلئے معاشی محاذ پر بہت بڑی کامیابی اور بزنس کیمونٹی کیلئے خوشخبری ہوگی۔ چوہدری محمد سرور نے مزید بتایا کہ یورپی اراکین پار لیمنٹ سے ملاقاتوں کے دوران میں نے ان کو بھارت کی جانب سے خطے میں جنگی جنون اور کشمیرمیں سو دن سے زائد جاری کر فیو اورکشمیریوں کی نسل کشی سمیت دیگر جرائم کے بارے میں بتایا۔ مجھے خوشی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر یورپی ارکان پارلیمنٹ کے بھی شدید تحفظات ہیں وہ سب کشمیر میں انسانی حقوق کی مکمل فراہمی اور کشمیریوں کو انکا حق دینے کی بات کر رہے ہیں۔ یورپی اراکین پارلیمنٹ نے سکھوں کیلئے پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری منصوبہ اور دیگر اقدامات کو بھی سر اہا ہے۔ پاکستان کو معیشت کے حوالے سے اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ آج پاکستانیوں کی بڑی تعداد برطانوی پارلیمنٹ میں موجود ہے جو کشمیریوں کیساتھ ساتھ فلسطین کے عوام کی بھی آزادی کیلئے بھرپور آواز بلند کرتے ہیں۔