مہنگائی جلد ختم ہوجائے گی، اے پی ایس کے بچوں کی قربانی کو بھلایا نہیں جا سکتا: اسد قیصر
اسلام آباد، صوابی(خصوصی نمائندہ، نوائے وقت رپورٹ ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بچوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 16دسمبر کے دن کو پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی کے موقع پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے واقعہ میں 132 سے زیادہ بچوں اور اساتذہ کے قتل نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے ان معصوم چھوٹے چھوٹے ہیروز نے ہمارے لئے پیغام چھوڑ کر گئے ہیں کہ وہ دہشت گردی سے پاک اور تعلیم یافتہ پاکستان کے لئے کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں شمولیتی جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جو پاکستان کو ترقی کی رارہ پر گامزن کریں گے۔ مہنگائی کی مصنوعی لہر جلد ختم ہوجائے گی۔ جب ہمیں حکومت ملی تھی اس وقت ملکی معیشت خراب تھی عمران خان نے ملکی معیشت کو سنبھالنے کیلئے سخت فیصلے کئے عمران خان پاکستان کو ایشیا کی مضبوط معاشی طاقت بنائیں گے۔ صوابی میں 9 ارب کی لاگت سے 220 کے وی کا گرڈ سٹیشن تعمیر کررہے ہیں۔