چائنہ سکیم میں 50 سالہ شخص، حافظ آباد کے 18 سالہ نوجوان کی خودکشی
لاہور ، حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ نوائے وقت) لاہور میں 50 سالہ شخص جبکہ حافظ آباد میں 18 سالہ نوجوان نے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گجر پورہ کے علاقہ چائنہ سکیم میں گھر سے 50 سالہ رمضان اجمل کے گلے میں پھندا لگی لاش ملی ہے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اس نے خودکشی کی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردکے تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثناء حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چھنی کریم دار میں نوجوان نے مبینہ طور پر گولیاں کھاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق اٹھارہ سالہ منصب علی ولد مظفر علی بھٹی کا اپنے اہل خانہ سے جھگڑا ہوا جس پر اس نے مشتعل ہوکر گندم میں رکھنے کی زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔