پی آئی سی پر وکلاء حملہ، ہائی پاور کمیشن بنایا جائے، حشمت حبیب
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)تحریک تحفظ عدلیہ کے صدر حشمت حبیب ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے لاہور میں پی آئی سی پر وکلاء حملہ کو بدنما قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اس کی آزادانہ اور کھلی انکوائری کیلئے ہائی پاور کمیشن بنائیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ کالے اور سفید کوٹ ہمارے معاشرے کی ایلیٹ کلاس ہیں لگتا ایسا ہے کہ جیسے نا دکھائی دینے والی قوتوں نے دونوں کے پرامن احتجاج کو پرتشدد بنا دیا جبکہ میڈیا منصوبہ کے تحت وکلاء کی تضحیک کر رہا ہے۔ وکلاء کبھی بھی کسی کی جان سے نہیں کھیل سکتے ہیں۔ ایک سازش کے تحت ڈاکٹروں کی ویڈیو کو وائرل کرکے وکلاء کو مشتعل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ینگ لائرز کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ان کا احتجاج کو خفیہ نہیں تھا لیکن ڈاکٹروں نے ان پر اینٹیں پھینکیں اور ان پر حملہ کیاایک وزیر کی بھی ہجوم نے توہین کی ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ہائی پاور کمیشن انتظامیہ کی جانب سے مجموعی اقدامات کا جائزہ لے کہ اس نے کس طرح یہ ہجوم کو روکنے کی کوشش کی ۔وکلاء کو بھی چاہئے کہ وہ بھی ان لوگوںکو سامنے لائیں جن کی وجہ سے یہ فساد ہوا ہے۔