پشاور :آرمی پبلک اسکول میں شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا
آرمی پبلک اسکول پشاور میں 4 سال قبل ہونے والے اندوہناک سانحے کی چوتھی برسی پر تقریب منعقد کی گئی، شہدا کے لیے خصوصی دعائیں و قرآن خوانی کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کا آغاز شہدا کے لیے خصوصی دعا ﺅں اور قومی ترانے سے ہوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے تقریب میں شرکت کی۔پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔شہدا کے اہل خانہ اور اسکول کے بچوں کی جانب سے قرآن خوانی کی گئی۔گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے کہا کہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سانحے نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کردیا۔