حکمرانوں کی غفلت و بے حسی المناک سانحات کو جنم دیتی ہے: مولانا امین انصاری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ علما محاذ پاکستان کے سرپرست مولانا جعفر حسین تھانوی، چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین ، بانی جنرل سیکریٹری مولانا محمد امین انصاری، نائب صدورعلامہ علی کرارنقوی، علامہ شاہدین اشرفی، علامہ روشن دین الرشیدی، مفتی محمد بخاری، محمد شکیل قاسمی، اسلم خان فاروقی و دیگر نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غفلت و بے حسی المناک سانحات کو جنم دیتی ہے اس کی بڑی مثالیں سانحہ سقوط ڈھاکہ اور سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورہیں وہ ایم یو ایم کے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں اے پی ایس و سقوط ڈھاکہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔مقررین نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول ایبٹ آباد میں دو روز قبل طالب علم کے قتل کا واقع بھی حکمرانوں کی غفلت و لاپروائی کی ایک کڑی ہے اور اس طرح کی غفلت و لاپروائی سے دشمن بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔ علامہ فریدی نے کہا کہ بزدل دشمن ملک میں المناک سانحات برپاکر کے وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے تاہم قوم اپنے اتحاد و یک جہتی سے دشمن کی ساشوں کو ناکام بنادے گی۔ مولانا امین انصاری نے کہا کہ 1971سے لیکر اب تک 47سالوں میں پوری قوم نے علما کی قیادت میں ملک و قوم کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر جس جراٌت و دلیری کا مظاہرہ کیا ہے اس نے دشمنان پاکستان کے حوصلوں کو ہمیشہ پست رکھا ہے۔ مولانا جعفر حسین تھانوی نے صدارتی خطاب میں سامراجی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے حکومت پر مذہبی رواداری و ہم آہنگی کے بھرپور فروغ کے لئے علما ء کمیٹی تشکیل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی نفرت و تعصبات کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیمینار میں ملکی دفاع کے لئے افواج پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش بھی کیا گیا اور ملکی سالمیت و بقا اور استحکام و ترقی کے لئے علامہ فریدی نے رقت آمیز دعا بھی کی۔