اورنگی ٹائون میں تجاوزات کیخلاف کارروائی‘ عمارتیں منہدم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کی ہدایت پر ا ورنگی ٹائون میں بدھ سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران بنارس‘ بنارس بازار‘ فٹ بال چورنگی مومن آباد‘ مرکزی شاہراہ اورنگی سے غیر قانونی دکانیں‘ چھپرے‘ ایکسٹرا لینڈ‘ فٹ پاتھوں پر قبضے ختم کرا دئیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر‘ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ویسٹ‘ بلدیہ عظمیٰ کراچی‘ بلدیہ غربی‘ ایس ایس پی انکروچمنٹ کی ٹیم نے آپریشن میں حصہ لیا اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اس موقع پر موجود تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر مومن آباد سجاد ابڑو کے بی سی اے کے افسران‘ پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سہیل مشتاق‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد جاوید‘ محمد عامر و افسران و عملہ‘ بلدیہ غربی کے وسیم‘ سید محمد جاوید‘ عامر‘ منیر اختر‘ ایس ایم عالم‘ توقیر سمیت بڑی تعداد میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے انسداد تجاوزات کے افسران موجود تھے۔ آپریشن کے بعد بنارس کی سڑکیں کشادہ ہو گئیں جبکہ اورنگی 5 نمبر سڑک جو جام رہتی تھی‘ کشادہ اور فٹ پاتھ کلیئر ہو گئے‘ فٹ پاتھوں پر کلیئرنس کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آپریشن کے دوران متعدد دکانیں مسمار کر دی گئیں جبکہ دو ایس ٹی اورنگی ایک نمبر قسمت کالونی علی گڑھ کالونی جہاں غیر قانونی تعمیرات تھیں ختم کر دی گئیں۔ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔