آل اورنگی ٹائون فٹبال لیگ چیمپئن شپ
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) اورنگی فٹبا ل کلب اور ڈی ایف اے ویسٹ کے زیراہتمام آل اورنگی ٹائون فٹبال لیگ چیمپئن شپ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ ان میچز میں ینگ مسلم نے فخر اسلام کو 2-1سے اور اورنگی محمڈن نے غوثیہ ایف سی کو5-0 سے شکست دیدی۔ ارکان اسپورٹس فٹبال گرائونڈ اورنگی میں جاری آل اورنگی ٹائون فٹبال لیگ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میںینگ مسلم نے فخر اسلام کو 2-1سے قابو کرلیا۔ کھیل کے پہلے ہاف میں ینگ مسلم کی جانب سے سہیل نے 10ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی برتری دلوادی۔ ۔پہلے ہاف کے اختتام پر ینگ مسلم کی ٹیم 1-0سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں ینگ مسلم کی طرف سے دوسرا گول38 ویں منٹ میں سہیل نے بناکر اپنی ٹیم کی سبقت کو2-0 سے دگنا کردیا۔ دو گول کے خسارے میں جانے والی فخر اسلام نے دوسرے ہاف کے اختتام سے گیارہ منٹ قبل 49ویں منٹ میں اعظم نے گول اسکور کرکے مقابلہ کے خسارے کو 2-1کردیا ،ریفری کی اختتامی وسل پر ینگ مسلم 2-1سے فاتح بن کرمیدان سے باہر آئی ۔دوسرے میچ میں اورنگی محمڈن نے غوثیہ ایف سی کو5-0 سے ٹھکانے لگادیا۔میچ کے آغاز سے اورنگی محمڈن کے فاروڈز نے غوثیہ فٹبال کلب کے گول پر بھرپور حملے شروع کردیئے۔ پہلے ہاف کے10 ویں منٹ میں انس نے اور17 ویں منٹ میں بلال نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو2-0 کردیا۔وقفے سے قبل 27ویں منٹ میں علیم نے تیسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو 3-0کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر اورنگی محمڈن کی ٹیم3-0 سے جیت رہی تھی۔کھیل کے دوسرے ہاف میں رفیق نے اپنی ٹیم کی جانب سے48 ویں منٹ میں چوتھا گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو 4-0سے مستحکم کیا۔ اختتام لمحات میں انس نے 60ویں منٹ میں پانچواں گول کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں5-0 سے سرخرو کردیا۔ ریفری محبوب، ابرار، ڈپٹی ریفریز جاوید، کلام،عابد، نبی، میچ کمشنر محمد ذاکر خان ،کلیم ، اسماعیل نور اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلیم سماء تھے۔