تبدیلی سرکارکے اقدامات سے مہنگائی میں روز براز اضافہ ہوا:اشرف بھٹی
لاہور(خبر نگار) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کے ظالمانہ اقدامات سے نئے پاکستان میں ہرروز بڑھتی ہوئی مہنگائی غریب عوام کا مذاق اڑارہی ہے،حکومتی اقدامات سے کراچی سے چترال تک ہر پاکستانی پریشان ہے اگر عمران خان پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی چاہتے ہیں تو انہیںآبادی کنٹرول کرنے کے بجائے مہنگائی ،بے روزگاری ،بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اوربدامنی کو کنٹرول کرنا ہوگا، معیشت کو سود سے پاک اور عدالتوں میں میرٹ پرانصاف مہیا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ پر بھار ی ٹیکس لگانے والی تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا نعرہ تو لگاتی ہے لیکن شراب پر پابندی کے بل پر اسمبلی سے واک آؤٹ کرجاتی ہے،پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے ممبران نے شراب پر پابندی کے بل کی مخالفت کرکے نظریہ پاکستان کا مذاق اڑایا ہے۔