چیئرمین پی اے سی: عمران نے نظریہ ضرورت کے تحت یو ٹرن لیا: لیاقت بلوچ
لاہور ( سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سیاسی کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے وزیراعظم عمران خان نے نظریہ ضرورت کے تحت یوٹرن لے لیا ،اس کے بعد وزراء کے اختلافی بیانات بدنیتی ہے اور پارلیمانی نظام کو کشیدہ بنائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ احتساب سب کا ناگزیر ہے جب تک پانامہ کے 436 افراد کو احتساب کے کٹہرے میں نہیں لایاجاتا ،احتساب کے عمل سے انتقام کی بو اٹھتی رہے گی ۔ لوٹی دولت واپس لانے کے لیے پانامہ زدہ افراد کا احتساب پائیدار راستہ ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان اپنے وزراء کو نااہلی اور خراب کارکردگی کے باوجود اے گریڈ مارکس اور بیوروکریسی کو دھمکانے کے لیے ’’نکالنے ‘‘کی دھمکی دے رہے ہیں ،یہ دوہرا معیار ہے ریاستی نظام ایسے نہیں چل سکتا ۔وزیر ہو یا بیوروکریٹ ، جو بھی نااہل ہے سب کے خلاف سیاسی ، ریاستی ضابطوں کے مطابق کاروائی کی جائے۔